سیاہ_موڈ
Logo
روس یوکرین تنازع: امریکہ نے قومی سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کر لیا

روس یوکرین تنازع: امریکہ نے قومی سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کر لیا

وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ روس کی جانب سے یوکرین پر ممکنہ حملے کے پیش نظر صدر جو بائیڈن نے قومی سلامتی کونسل کا اجلاس اتوار کو طلب کر لیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین پساکی نے اتوار کو خبردار کیا کہ روس کسی بھی وقت یوکرین پر حملہ کر سکتا ہے اور اسی معاملے پر غور کرنے کی غرض سے صدر جو بائیڈن نے قومی سلامتی کا اجلاس بلایا ہے۔

خیال رہے کہ سنیچر کو روس کی سٹریٹیجک جوہری افوج نے جنگی مشق بھی منعقد کی تھی جس میں بلیسٹک میزائل بھی لانچ کیا گیا تھا۔ جبکہ دوسری جانب امریکہ نے الزام عائد کیا ہے کہ یوکرین کی سرحد کے قریب تعینات روس کی فوج نے پیش قدمی کی ہے اور حملہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ 

یوکرین کے چند علاقوں میں روسی حمایت یافتہ باغیوں کے پرتشدد واقعات اور روسی فوج کی جانب سے حملے کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر یوکرین نے صدر ولادیمیر پوتن سے مسئلے کا حل تلاش کرنے کا کہا ہے۔

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے سنیچر کو میونخ سکیورٹی کانفرنس کے اجلاس میں شرکت کے بعد اپنے روسی ہم منصب سے ملاقات کی درخواست کی۔

صدر ولادیمیر زیلنسکی کا کہنا تھا کہ ’مجھے نہیں معلوم کہ روس کا صدر کیا چاہتا ہے لہٰذا میں ملاقات کی تجویز پیش کر رہا ہوں۔‘

صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ مذاکرات کے مقام کا چناؤ روس کر سکتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ معاملے کے پر امن حل کے لیے یوکرین صرف سفارتی راستہ ہی اپنائے گا۔

تاہم یوکرین کے صدر کی ولادیمیر پوتن کے ساتھ ملاقات کی درخواست پر روس کی جانب سے فی الحال کوئی جواب نہیں موصول ہوا۔

مشرقی یوکرین میں علیحدگی پسند رہنماؤں کے اپنے جنگجوؤں کو جنگ کی تیاری کے احکامات جاری کرنے کے چند گھنٹوں بعد صدر ولادیمیر زیلنسکی نے روسی صدر سے ملاقات کی خواہش کا بیان دیا تھا۔

امریکہ اور یورپی یونین کا کہنا ہے کہ غلط معلومات کی تشہیر سے روس یوکرین پر حملے کی وجہ تلاش کر رہا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے سنیچر کو خبردار کیا تھا کہ روس کی جانب سے غلط معلومات کی تشہیر کے زیادہ سے زیادہ ثبوت سامنے آئے ہیں جن کو بنیاد بناتے ہوئے روس یوکرین پر حملہ کرنا چاہتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ روس نے یوکرین کے شہر ڈونیٹسک میں کار دھماکے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ اس کے برعکس وہاں کے مقامی لوگوں نے بتایا ہے کہ شہر میں صورتحال پرامن ہے۔

تبصرہ / جواب_سے

ووٹ / پول

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان کی رینکنگ کیا؟

دیکھیں_نتائج
75
50%
70
0%
نہیں جانتے
0%

نیوز لیٹر

نیوز لیٹر_تفصیل

محفوظ شدہ دستاویزات

براہ کرم_ایک_تاریخ_منتخب کریں۔